فواد حسن فواد کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ خاموشی سے گزر گئی
اسلام آباد(مسعودماجدسید؍خبر نگار)سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ خاموشی سے گزر گئی ۔ سیکرٹریٹ گروپ گریڈ بائیس سے تعلق رکھنے والے دبنگ بیورو کریٹ30 برس تک اہم سرکاری عہدوں پر خدمات سر انجام دینے کے بعد گزشتہ روز 13 جنوری کو دوران پابندِ سلاسل ہی ریٹائر ہو گئے ہیں۔ ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق فواد حسن فواد کو آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے معاملات میں 5 مئی 2018 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ ایک ذاتی پلازے کے بھی مالک ہیں جبکہ ان کا اپنا موقف یہ ہے وہ ریٹائرمینٹ کے قریب ہو نے کے باوجود اپنا کو ئی ذاتی گھر یا مکان بھی نہیںرکھتے ہیں۔فواد حسن فواد کی ضمانت پر رہا ہو کر ریٹائرمنٹ کے معاملات کی تیاری کی خواہش بھی پوری نہ ہو سکی۔سرکاری ریکارڈ کے مطابق فواد حسن فواد کی تاریخ پیدائش 14 جنوری 1960 ہے۔ریکارڈ کے تحت فواد حسن فواد 60 برس کی عمر مکمل کر کے گزشتہ روز 13 جنوری 2020 کو ریٹائر ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فواد حسن کی پرسنل فائل گذشتہ کئی روز سے سیکرٹری اسٹیبلشمینٹ ڈویژن کی تحویل میں ہے۔ وہ تقریباً پونے دوسال سے نیب کی حراست میں ہیں۔اسٹیبلشمینٹ ڈویژن خاص طور پر گریڈ بائیس کے اہم افسروں کی ریٹائرمینٹ سے کئی روز قبل باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کرتی ہے کہ وہ افسر آنے والی فلاں تاریخ کو ریٹائر ہو جاے ٔ گا اور اس ریٹائرمنٹ کے نوٹیفیکیشن کو سرکاری گزٹ میں شامل کر لیا جاے ٔ لیکن یہاں معاملہ ہی بالکل الٹ ہے ۔ فواد حسن کی ریٹائرمنٹ کے نوٹیفیکیشن کا اجراء تو دور کی بات ہے بلکہ اس کی کسی کو کانوں کان خبر بھی نہیں کی گئی اور اندر ون خانے ان کی یہ فائل دراصل سیکرٹری اسٹیبلشمینٹ کی ذاتی طویل میں ہے۔