ای سروسز میں خواجہ سراء کی کیٹیگری متعارف کمپنی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر دی گئی
لاہور (کامرس رپورٹر) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کمپنی رجسٹریشن کی ای سروسز میں خواجہ سراؤں کی کیٹیگری متعارف کرواتے ہوئے خواجہ سرائوں کو کمپنی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر دی۔ اب خواجہ سراء اپنی شناخت رکھتے ہوئے کمپنی رجسٹر کروا سکیں گے ۔
یا کسی بھی کمپنی میں ڈائریکٹر یا شیئر ہولڈر بن سکتے ہیں۔ یہ کیٹیگری حال ہی میں پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے ٹرانسجینڈر پرسنز (پروٹیکشن آف رائٹس) ایکٹ 2018ء کے تحت ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو بنیادی حقوق دینے کے لئے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ ایکٹ افراد کو تمام سرکاری اور شناختی دستاویزات جیسے کہ پاسپورٹ، تعلیمی سرٹیفکیٹس، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر سرکاری دستاویزات پر اپنی شناخت ظاہر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس سہولت کے بعد کوئی بھی فرد ای سروسز میں دی گئی تین درجہ بندیوں میں سے اپنی شناخت یعنی مرد، خاتون یا خواجہ سرا منتخب کر سکتا ہے۔