جاپانی وزیر اعظم کی ابو ظہبی کے ولی عہد سے ملاقات،مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرانے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق
جاپانی وزیر اعظم شنزو ابے اور ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرانے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں شنزو ابے نے ولی عہد سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماﺅں نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔شنزو ابے نے تناﺅمیں مزید اضافے سے اجتناب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جاپان متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر کشیدگی کو دور کرنے کے لئے اپنا کردار نبھائے گا۔ولی عہد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات متعلقہ ممالک کے مشورے سے سفارتی کوششیں کرے گا۔جاپانی وزیراعظم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جاپان خطے میں اپنی سیلف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی جاپان سے متعلقہ بحری جہازوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے کر رہا ہے۔ولی عہد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات خطے کے ایک ملک کی حیثیت سے مدد اور تعاون فراہم کرے گا۔