عمران صاحب نواز شریف صاحب کی صحت پر سیاسی ڈرامہ رچانے سے کیا مہنگائی14 فیصد سے کم ہو گئی:مریم اورنگزیب

اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا نواز شریف کی صحت پر سیاست کر کے 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں مل گئیں۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنے کے حکومتی رویے کی شدید مذمت کی۔ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب نواز شریف صاحب کی صحت پر سیاسی ڈرامہ رچانے سے کیا مہنگائی14 فیصد سے کم ہو گئی ؟ کیا ترقی کی شرح واپس 5.8 فیصد پر آ گئی ؟ایک سال میں لیاگیا 11 ہزار ارب کا تاریخی قرض کیا کم ہو گیا؟نواز شریف کی صحت پر سیاسی تماشہ کرنے سے کیا 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں مل گئیں؟کیا ٹیکس ریونیو کا 282 ارب کا تاریخی خسارہ ختم ہو گیا ؟ کیا گیس اور بجلی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ختم ہو گیا ؟سرکاری ہسپتالوں میں علاج کیا پھر سے مفت شروع ہو گیا ہے ؟ 16 ماہ سے بند دوائیاں کیا پھر سے مفت ملنے لگی ہیں؟نواز شریف کی صحت پر ڈرامہ کرنے سے کیا پشاور میٹرو مکمل ہو گئی ؟ کیا آپ کا تاریخی جھوٹ،نااہلی،نالائقی اور کرپشن ختم ہو گئی ؟عمران صاحب آپ نے نواز شریف کی صحت کا نوٹس لیا۔کبھی پاکستان کی عوام کی صحت کا بھی نوٹس لیں جس کا آپ نے بیڑہ غرق کر دیا ہے۔انہوں نے وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نوازشریف کی رپورٹس طلب کرنے کے بجائے اپنی نالائقیوں، نااہلیوں اور جھوٹ کی رپورٹ طلب کریں،گیس میں 250 فیصد اور بجلی میں 150 فیصد اضافہ کا بھی نوٹس لیں،16 ماہ عوام کی روٹی ، روزگار اور کاروبار بند ہونے کا نوٹس بھی لیں۔