امریکہ پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی دے :صدر لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع سے مالامال سرزمین اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کا یہ بہترین وقت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاک امریکہ بزنس فورم کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وفد کی سربراہی ریاض حسین کررہے تھے جبکہ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا، اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حاجی آصف سحر، فیاض حیدر اور حارث عتیق بھی موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پاکستان کے فارماسیوٹیکل، لائٹ انجینئرنگ، لیدر، آلات جراحی، فوڈ، ریٹیل سیکٹر اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وافر گنجائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی دے تاکہ باہمی تجارت میں مزید اضافہ ہوسکے۔