میٹرو سٹاپ کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ

مکرمی! لاہور میں میٹرو بس سروس کے روٹ پر اتفاق ہسپتال کے نام سے واحد ایسا سٹاپ ہے جو روٹ پر ہے ہی نہیں بلکہ سٹاپ سے کم و بیش ایک کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جبکہ یہ سٹاپ ملک کے معروف دو ہسپتالوں چلڈرن اور گلاب دیوی چیسٹ کے نام سے جانا جاتا ہے جن میں گلاب دیوی چیسٹ ہسپتال قیام پاکستان سے پہلے 1934ء میں قائم ہوا تھا جبکہ چلڈرن ہسپتال پنجاب سمیت ملک بھر کا واحد ہسپتال ہے جہاں جدید ترین سہولیات کے پیش نظر صوبہ سمیت ملک بھر سے غریب و امیر گھرانوں کے مریض بچے مستفید ہو سکتے ہیں اتفاق ہسپتال میں مہنگے داموں علاج ہوتا ہے۔ جن کے پاس لاکھوں مالیت کی اپنی گاڑیاں ہوتی ہیں اور وہ میٹرو میں سفر ہی نہیں کرتے۔ ایسے میں اس سٹاپ کو کوسوں دور اتفاق ہسپتال کا نام دینا محض سیاسی بنیادوں پر ہے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے گزارش ہے کہ سٹاپ کا نام تبدیل کرکے چلڈرن یا گلاب دیوی ہسپتال میں سے کسی ایک سے منسوب کیا جائے تاکہ ملک بھر سے لاہور آکر میٹرو کے ذریعے ان ہسپتالوں تک پہنچنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔(خاور سندھو… لاہور)