قومی ٹی ٹونٹی ویمنز ٹورنامنٹ‘چیلنجرز‘بلاسٹرز کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی سی بی چیلنجرز اور پی سی بی بلاسٹرز نے قومی سہ فریقی ٹی ٹونٹی ویمنز ٹورنامنٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرلیا ہے۔ ایونٹ کا فائنل دونوں ٹیموں کے درمیان برقی قمقوں کی روشنی میں کھیلا جائیگا۔ 16 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول فائنل شام 7 بجے شروع ہوگا۔ چھ گروپ میچز پر مشتمل ایونٹ میں تمام ٹیمیں 2،2 میچز جیتنے میں کامیاب رہیں تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پی سی بی چیلنجرز اور پی سی بی بلاسٹرز نے ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ گروپ میچز کے اختتام پر پی سی بی چیلنجرز 0.6 رن ریٹ کیساتھ پہلے، پی سی بی بلاسٹرز 0.124 کیساتھ دوسرے اور پی سی بی ڈائنامائٹس کی ٹیم منفی 0.703 رن ریٹ کیساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں ڈائنامائٹس نے چیلنجرز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔ چیلنجرز نے 7 وکٹوں پر 137 رنز بنائے۔ اوپنر منیبہ علی 68 رنز بناکر نمایاںرہیں۔ معصومہ جعفری، ثناء میر، کائنات امتیاز اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈائنامائٹس نے ہدف 7 وکٹوں پر حاصل کرلیا سدرہ امین 68 رنز کی اننگز کھیلی ۔ عمیمہ سہیل نے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔عروب شاہ، ایمن انور اور فاطمہ ثناء نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ سدرہ امین کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔