بچوں کو سپورٹس کی سہولت فراہم کریں گے :رائے تیمور خان ‘ راجہ راشد حفیظ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی اورصوبائی وزیر لٹریسی و نان فارمل ایجوکیشن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ سپورٹس کی سہولت فراہم کریں گے اس کے علاوہ شیخوپورہ قلعہ اور ہرن مینار اور دیگر تاریخی مقامات کی بھی سیر کرائی جائے گی۔، نان فارمل ایجوکیشن کے طلبہ و طالبات کے لئے سپورٹس کیلنڈر بھی بنائیں گے تاکہ ان بچوں میں احساس محرومی نہ رہے اور یہ بھی سپورٹس میں حصہ لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کیساتھ بھی ایم او یو سائن کیا ہے ، یہ سلسلہ دوسرے اداروںکے ساتھ بھی جاری رکھیں گے۔ صوبائی وزیر لٹریسی و نان فارمل ایجوکیشن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ہم صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی اور سیکرٹری سپورٹس، یوتھ افیئرز، سیاحت و آثار قدیمہ احسان بھٹہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے سہولت فراہم کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیم دینے اور سپورٹس میں حصہ لینے کے لئے ہم سب مل کر کام کررہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ سیکرٹری سپورٹس، یوتھ افیئرز، ٹورازم وآرکیالوجی احسان بھٹہ نے بتا یا کہ ہم سولو فلائٹ کی بجائے سب سے تعاون کرکے سپورٹس کو فروغ دے رہے ہیں، نان فارمل ایجوکیشن کے طلبہ و طالبات کو ہر طرح کی سہولت فراہم کریں گے، ان کے لئے کھیلوں کے ایونٹ بھی منعقد کرانے میں تعاون کریں گے۔ سیکرٹری لٹریسی، نان فارمل ایجوکیشن سمیرا صمد نے بتایا کہ ان بچوں کو سپورٹس بھی کرائیں گے اور تاریخی مقامات کے حوالے سے آگاہی بھی دیں گے، یہ خوش آئند اقدام ہے، پنجاب میں 13ہزار نان فارمل سکول چلا رہے ہیں، دیہی علاقوں پر ہمارا فوکس ہے جہاں لوگ رضاکارانہ طور پر اپنے گھر میں ایک یا دو کمروں پر مشتمل سکول بناکر ان بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں۔