جیل خانہ جات کی کارکردگی رپورٹ،3نئے ریجن آفس قائم،تعمیراتی کام مکمل
لاہور (سٹاف رپورٹر) محکمہ جیل خانہ جات محکمانہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے رپورٹ کے مطابق محکمہ میں مزید 3نئے ریجن آفس سرگودھا، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان قائم کر دئیے گئے ہیں۔ہائی سکیورٹی پریڑن میانوالی اور ڈسٹرکٹ جیل لودھراں کا تعمیراتی کام تقریبا مکمل ہو چکا ہے اور ان کا آغاز اسی سال کردیا جائیگا۔ڈسٹرکٹ جیل ننکانہ صاحب کی منظوری 50ملین کی لاگت سے دے دی گئی ہے۔پی آئی ٹی بی اور یو این اوڈی سی کے تعاون سے ڈسٹرکٹ جیل، لاہور اور سنٹرل جیل، لاہور پر خود کارپریڑن مینجمنٹ سسٹم کاآغاز کیا گیاجو کہ پنجاب کی 20جیلوں پر نصب کر دیا جائے گا اور باقی ماندہ جیلوں اور دفاترمیں سال 2020-21میں نصب کر دیا جائے گا۔ویڈیو ٹرائل سسٹم 9سنٹرل جیلوں اور پنجاب کی 9ڈویڑنل اے ٹی سیزمیں نصب کر دیا گیا ہے جبکہ بقایاجیلوں پرنصب کر دیا جائے گا ۔اس سے نہ صرف کرایہ کی مد میں بچت ہو گی بلکہ قیدیوں کا ٹرائل بھی اچھے طریقے سے ہوسکے گا۔جدید سکیورٹی آلات اور سی سی ٹی وی کیمرے 9سنٹرل جیلوں اور 8نئی تعمیر شدہ جیلوں پر نصب کر دئیے گئے ہیں۔1892قیدی جو کہ جرمانہ، دیت، دمن اور ارش کے بدلے میں قید تھے حکومت پنجاب اور مخیر حضرات کے تعاون سے 345.8ملین روپے ادا کر کے رہا کروائے جا چکے ہیں۔