حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عمل نہ کرے :مستفیض الدین نواب
کراچی (سٹی نیوز ) پاکستان انڈ سٹریل اینڈ بزنس فورم کے چیئر مین شیخ مستفیض الدین نواب نے حکومت کی طرف سے آئی ایم ایف کو بجلی اور گیس مزید مہنگی کر نے کی یقین دہانی پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عمل نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی سود خور مالیا تی ادارے کی ہدایت پر بجلی و گیس کی قیمتوں میں ہو شر با اضا فہ کرکے عوام کو مہنگائی کے جہنم میں جھونک دیا ہے۔ بجلی 3 روپے 85 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے جبکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہر ماہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا عمل اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گیس کے نرخوں میں344 فیصد تک اضا فہ کر دیا گیا ہے اسی طرح حال ہی میں پیٹرولیم مصنو عا ت کے نرخوں میں اضافہ کر کے حکومت نے عوام کو نئے سال کا بد ترین تحفہ دیا ہے وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں فیڈرل بی ایریا کراچی سے آئے ہوئے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر فورم کے سینئر وائس چیئر مین غلا م محمد کسباتی ، وائس چیئر مین اول ارشد محمود عباسی، وائس چیئر مین دوئم صدیق ملک بھی موجو د تھے۔ شیخ مستفیض الدین نواب مزید کہا کہ اس قسم کے حکومتی اقداما ت سے برآمد ات میں کمی واقع ہو گی اور صنعتی ترقی کا خو اب شر مند ہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔