گورنر تبوک فہد بن سلطان نے وزیر اعظم کو بیش قیمت گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف تحفے میں دی۔ وزیراعظم عمران خان سے تبوک کے گورنر فہد بن سلطان نے وزیراعظم ہاوس میں ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم آفس میں ہونے والی ملاقات کے بعد گورنر تبوک فہد بن سلطان نے وزیراعظم عمران خان کو بیش قیمت گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف کا تحفہ پیش کیا جس پر وزیراعظم نے گورنر تبوک کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور خارجہ سیکریٹری تہمینہ جنجوعہ بھی موجود تھیں۔بعد ازاں سعودی صوبے تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود تلور کا شکار کھیلنے چاغی پہنچے جہاں دالبندین ائیرپورٹ پر وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی سمیت دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔سعودی شہزادے کیلئے یک مچھ کے قریب صحرائی علاقے میں کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں وہ تلور کا شکار کریں گے۔نایاب پرندے تلور کی نسل تیزی سے معدوم ہوتی جارہی ہے لیکن اس پرندے کے شکار کیلئے عرب شہزادوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اس سے قبل قطری شہزادے فلاح بن جاسم سمیت دو شہزادوں کو تلور کے شکار کی اجازت دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ ماضی میں موجودہ وزیراعظم عمران خان تلور کے شکار کے مخالف رہے ہیں.
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024