تجاوزات کیخلاف کے ایم سی کی کارروائیاں جاری
کراچی (خبر نگار) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے مختلف اضلاع میں فٹ پاتھ‘ سڑکوں‘ پارکوں اور نالوں پر تعمیرات کے خلاف کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے بھاری مشینری کی مدد سے مختلف علاقوں میں پختہ تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی کی نگرانی میں لانڈھی ڈویژن ڈسٹرکٹ کورنگی میں بابر مارکیٹ کے اطراف اور لانڈھی 12000 روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران فٹ پاتھ سے بڑ ی تعداد میں ٹھیلے‘ پتھارے اور کائونٹرز‘ لوہے کی جالیاں ہٹا دی گئیں‘ اس کارروائی میں ڈائریکٹر لینڈ مسرت علی خان‘ ڈپٹی ڈائریکٹر عتیق خان‘ اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی ‘ علاقہ پولیس اور محکمہ انسداد تجاوزات کے دیگر عملے نے حصہ لیا‘ انسداد تجاوزات کی ایک اور کارروائی میں ضلع وسطی بفرزون کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران دکانوں کے آگے بنائے گئے چبوترے اور اضافی زمین پر بنی دکانیں اور دیگر تجاوزات مسمار کر دی گئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر راشد اختر ‘ حامد رضا اور انسداد تجاوزات کا دیگر عملہ بھی موجود تھا جبکہ ڈسٹرکٹ سائوتھ میں باغ ابن قاسم کلفٹن میں تعمیر کی گئی تعمیر کو مسمار کرنے کا کام بھی جاری ہے جبکہ ڈسٹرکٹ سائوتھ میں ہی سولجر بازار میں فٹ پاتھ پر بنائی گئی دکانیں اور دیگر تعمیرات کا بھی خاتمہ کر دیا گیا۔ دریں اثناء سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی نے فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے فلاحی اداروں کو تنبیہ کی ہے کہ انہوں نے جس علاقے میں بھی تجاوزات قائم کی ہوئی ہیں انہیں فوراً ہٹا دیں بصورت دیگر ایسی تمام تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔