دوسرے فیملی میڈیسن کلینک کا افتتاح کل ہو گا
کراچی (نیوز رپورٹر) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ اہتمام دوسرے فیملی میڈیسن کلینک کا افتتاح بدھ 16جنوری کو سٹی ریلوے اسٹیشن سے متصل ہجرت کالونی میں ہو گا‘ عبداللہ ہارون پارک کے قریب فیملی میڈیسن کلینک کا افتتاح وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو سہ پہر 3 بجے کریں گی جبکہ اس موقع پر مہمانِ اعزازی وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی ہوں گے۔ فیملی میڈیسن کلینک میں او پی ڈی کی سہولت کے ساتھ ڈائو لیب کا کلیکشن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے‘ جبکہ فیملی میڈیسن کلینک میں صبح ساڑھے 8 بجے سے 3 بجے تک ڈاکٹری کا معائنہ بنیادی دوائوں کی سہولت مفت ملے گی۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے ڈائو یونیورسٹی چنیسر گوٹھ میں فیملی میڈیسن کلینک چلا رہی ہے‘ جہاں ماہانہ ایک ہزار سے زائد علاقہ مکین علاج اور دوائوں کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں‘ وائس چانسلر ڈائو یونیورسٹی پروفیسر محمد سعید قریشی کے ویژن کے مطابق شہر کے دیگر علاقوں میں بھی مقامی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے تعاون سے طبی سہولتیں عوام تک پہنچائی جائیں گی‘ یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ڈائو یونیورسٹی عوام کو ای کلینک کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے۔