ہماری ایٹمی طاقت جارحیت کیلئے نہیں، وطن عزیز کو بچانے کیلئے ہے: ڈاکٹر عبدالقدیر
کراچی (نیوزرپورٹر)عالمی شہرت یافتہ ایٹمی سائنسدان محسن پاکستان ڈاکٹرعبد القدیر خان نے المصطفیٰ میڈیکل سینٹرگلشن اقبال میںانتہائی نگہداشت وارڈ(ICU) کاافتتاح کیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ایٹمی طاقت جارحیت کیلئے نہیں بلکہ ملک کو جارحیت سے بچانے کے لئے ہے۔اس موقع پر المصطفیٰ کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب،عبدالرحیم جانو،جاوید غوری،کمال محمودی،سلمان صدیقی،عبداللطیف نورانی،ڈاکٹرعبد الرحیم،عبد الغنی سلیمان،الیاس میمن،حنیف ہارون،حمزہ تابانی،ڈاکٹر فرخ نظامی،احمدرضا طیب،معین خان ،عبد الغفار سعیدی،فرحان اشرفی،صفیان عبدالرحیم،امین آدم جی اور آصف اقبال بھی موجودتھے۔ڈاکٹر قدیر خان نے کہاکہ فراغت کے بعد میں بھی سماجی کاموں میں مصروف ہوگیاہوں تعلیم وصحت کے ادارے خودبھی چلارہاہوںاور المصطفیٰ کے پروگرامز میں یہ میری تیسری حاضری ۔المصطفیٰ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب سے میری دیرینہ اور برادرانہ مراسم ہیں وہ المصطفیٰ کے ذریعہ دکھی انسانیت کی جو خدمت کررہے ہیں وہ دیگر سماجی اداروں کے لئے قابل تقلید ہے۔المصطفیٰ زندگی کے جتنے شعبوں میں انسانی خدمت کررہی ہے وہ لائق تحسین ہے،المصطفیٰ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے معززمہمان کاخیرمقدم کرتے ہوئے ان کی خدمات کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیرخان مسلمانوں کی طاقت ہیں،انہوںنے پاکستان کا سرفخر سے بلند کردیاہے۔سماجی خدمت کے کاموں میں ان کی پیش رفت ہم سب کے لئے لائق تقلید ہے۔حاجی حنیف طیب نے کہاکہ ڈاکٹرصاحب کی یہ تجویز کہ اﷲنے جن لوگوں کو کسی مقام اور عزت سے نوازہ ہے انہیں چاہیے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں انسانی خدمت کے کام کریں لائق عمل اور قابل ستائش ہے۔پروگرام کے بعد ڈاکٹر عبد القدیر خان نے فیتہ کاٹ کر المصطفیٰ کے آئی سی یو وارڈ کا افتتاح کیا۔