مفتی شریف سرکیؒ ہمیشہ دین کی سربلندی کیلئے کوشاں رہے‘ پیر عبدالخالق قادری
کراچی (نیوز رپورٹر) مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے ناظم اعلیٰ مفتی محمدشریف سرکیؒ کی دینی وملی اور سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مفتیٔ اعظم سندھ صاحبزادہ مفتی محمد جان نعیمی کے زیرصدارت دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ گلشن نعیمی ملیر میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مرکزی امیر پیر میاں عبدالخالق قادری آف بھرچونڈی شریف‘ سابق صوبائی وزیر پیر میاں عبدالباقی ہمایونی‘دارالعلوم امجدیہ کے مہتمم صاحبزادہ ریحان امجدعلی نعمانی‘ قائم مقام ناظم اعلیٰ سید ضمیر حسین شاہ جیلانی‘ صاحبزادہ مفتی نذیر احمدجان نعیمی‘ مفتی تاج الدین نعیمی‘ صاحبزادہ زبیر ہزاروی‘مفتی رحمت اللہ نعیمی‘ مولانا اکبر الحق ودیگر نے مفتی محمدشریف سرکیؒ کی جمعیت علمائے پاکستان اور مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کیلئے بیش بہا خدمات کو اہلسنّت وجماعت کیلئے سرمایہ قراردیا۔مقررین نے کہاکہ مفتی شریف سرکی ؒہمیشہ قائدملت اسلامیہ علامہ شاہ احمدنورانیؒ کے وفاداررہے ‘آپ نے کراچی سمیت سندھ کے مضافاتی علاقوں میں نظام مصطفیٰ ﷺ کا پیغام پہنچایا دین کی ترویج و اشاعت کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے اور آخری دم تک قافلۂ نظام مصطفیٰﷺ سے وابستہ رہے۔ تعزیتی ریفرنس میں مولانا نورانیؒ کے دامادسید ناصر شاہ‘ مولانا محمد اشرف گورمانی‘ مرحوم کے صاحبزادے محمد رفیق سرکی‘ حافظ گلزار احمد‘ مولانا شفاعت رسول نعیمی‘ مولانا بہرام نعیمی‘ مولاناخادم حسین نعیمی‘ مولانا فرید قادری‘ مولانا محمد رشید گولڑوی‘ ناظم ATI سندھ جنید مصطفیٰ سرہیو‘ ماسٹر عبدالحلیم نعیمی ودیگر سمیت مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کے ضلعی ذمہ داران اور عہدیداران کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں اتحاد اہلسنّت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جمعیت علمائے پاکستان قائد ملت اسلامیہ علامہ شاہ احمد نورانی صدیقیؒ کی امانت ہے اس کی حفاظت کرناہم پر لازم ہے انشاء اللہ جمعیت علمائے پاکستان اور مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کو ایک مرتبہ پھر عروج دلوائیں گے‘ علماء ومشائخ متحد ہو چکے ہیں‘ مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کی تنظیم سازی کی تکمیل ہو گی‘ صوبے بھر کے دورے کریں گے اور صوبائی سطح پر کانفرنس کا انعقادکیا جائے گا۔