غیر ملکی سرمایہ کاری کیلیے توانائی بحرا ن پرقابوپانا ہو گا، یوسف یعقوب پرنس
کراچی (کامرس ر پورٹر) پاکستان وونگ ملز ا یسوسی ایشن کے موجودہ سینئر صدرا ورسائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سابق وائس چیئرمین یوسف یعقوب پرنس نے ملک میں تجارت کے شعبے میں 22.4 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے حکومت کو تحفظ،توانائی بحرا ن پرقابو اورپر کشش مراعات پرمبنی حکمت عملی ترتیب دینا ہو گی۔گزشتہ روز اپنے ایک جاری کردہ بیان میں یوسف یعقوب پرنس نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 برس میں اس شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ہزار42 اعشاریہ 4 ملین ڈالر تک پہنچ گیاہے ۔یوسف یعقوب پرنس نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک اس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ ماضی میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر گہری روشنی ڈالتے ہوئے یوسف یعقوب پرنس نے بتایا کہ2014 سے 2016کے مالی سال کے دوران ملک میں تجارت کے شعبے میں بالترتیب 465.9 ، 46.7، 53.5، اور28.8 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح مالی سال2009 سے 2012 تک ملک میں تجارت کے شعبے میں بالترتیب 47.7، 72.1، 61.1 اور101.6 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔