اقلیتوں کی شادیوں کے معاملات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان بھر میں اقلیتوں کی حفاظت یقینی بنانے اور خصوصی طور پر شادیوں وغیرہ کے معاملات کو مزید بہتر بنانے کیلئے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلا س میں ایم این ایز شہنیلا رتھ ،عامر نوید جیوا،جمشید تھومس، صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین،ایم پی ایزہارون عمران گل،سندھ سے انتھارنی نوید،این ایل ڈی سے ہابکوک گل،بشپ لیو پال، آصف عقیل اور رومانہ بشیر نے شرکت کی۔مشاورتی اجلاس میں ملک بھر میں اقلیتوں کی حفاظت کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے موثر قانون سازی اور عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے مختلف سفارشات پیش کی گئیں۔ تمام پارلیمانی ارکان نے تحریک انصاف کی حکومت بالخصوص عمران خان کی جانب سے ابتک اقلیتوں کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تحریک انصاف کی حکومت بچوں کے حقوق، خواتین کے حقوق، گھریلو تشدد، جبری شادیوں وغیرہ خاص طور پر مذہبی اقلیتوں سے متعلق تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے مزید موثر اقدامات یقینی بنائے گی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا کہ ضلعی سطح پربین المذاہب کمیٹیوں کا قیام ، ٹاسک فورس کا قیام جبکہ ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹیوںکا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔