امیر العظیم کی زیر صدارت جماعت اسلامی وسطی پنجاب کی مجلس شوریٰ کا اجلاس
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب کی مجلس شوریٰ کااجلاس امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم کی زیرصدارت گزشتہ روزمنصورہ لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر قراردداد متفقہ طورپر منظور کی گئی جس میں کہاگیا ہے کہ صوبائی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس ملکی حالات کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر یہ اظہار کرتا ہے کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے، جس کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان اور جس کا سرکاری مذہب اسلام ہے۔ اصولی طور پر جماعت اسلامی ملک میں احتسابی عمل کے آغاز کو ملک کے لیے خوش آئند سمجھتی ہے اور احتساب عدالتوں کے ذریعے سابق وزیر اعظم پاکستان سمیت مختلف سیاست دانوں کو سزائیں ملنے کا خیر مقدم کرتی ہے ۔ نیب عدالتوں میں کیسوں کی سماعت اور سزائوں کے نتیجے میں قوم کے علم میں آرہا ہے کہ کس طرح قومی خزانے پر ڈاکے ڈالے گئے۔ اربوں بلکہ کھربوں روپے کی منی لانڈرنگ ہوئی۔ اربوں روپے کے جعلی بینک اکائونٹس سامنے آئے اور معلوم ہوا کہ ماضی میں بر سر اقتدار رہنے والے سیاست دانوں نے اربوں ڈالر کے اندرون وبیرون ملک اثاثے بنائے ہیں۔ اسی طرح تعلیم ،علاج، صاف پانی کی فراہمی اور ترقیاتی امور سے حکومت کی مکمل دست برداری بھی قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔