کراچی میں اب کسی کو نفرت کی سیاست نہیں کر نے دیں گے‘مصطفی کمال
کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اب کسی کو نفرت کی سیاست نہیں کرنے دیں گے‘ پی ایس پی کا نظریہ امن‘ محبت‘ اور فلاح کا نظریہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لانڈھی پی ایس 94 کے مرکزی الیکشن آفس میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کیا اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائمخانی اور مرکزی قائدین سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں بسنے والے تمام قومیتوں اور رنگ و نسل کے لوگ پیار‘ محبت اور بھائی چارگی چاہتے ہیں لیکن بعض قوتوں نے اپنے ذاتی مفادات اور اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی خاطر مختلف قومیتوں کے درمیان نفرتیں پیدا کرکے آپس میں تکرار پر مجبور کر رکھا ہے جو ملک و قوم کیلئے کسی طرح بھی سود مند ثابت نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہاکہ نفرتیں پیدا کرنے والے کبھی کسی بھی قوم سے مخلص نہیں ہو سکتے کیونکہ ان کا مقصد امن آشنیٰ نہیں بلکہ نفرتیں پھیلانا ہے انہوں نے کہاکہ اب کسی کو نفرت کی سیاست نہیں کرنے دیں گے ہم نے نفرت کی سیاست کو دفنا دیا ہے ہم کسی سے سیاسی اختلاف تو رکھ سکتے ہیں مگر اس سے دشمنی نہیں رکھیں گے اورسبز ہلالی پرچم کو ماننے والا چاہے کسی بھی قومیت و مذہب سے تعلق رکھتا ہو ہمارا بھائی ہے‘ اس لئے تمام باطل قوتیں پی ایس پی سے خوفزدہ ہیں انہوں نے ذمہ داروں و کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ تحریک کا پیغام زیادہ سے زیادہ تعداد میں گلی گلی‘ گھر گھر پہنچائیں اورعوام سے اپیل کریں کہ وہ 27 جنوری کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں گھروں سے بھرپور تعداد میں نکل کر پولنگ بوتھ آئیں اور ڈولفن پر مہر لگا کر پی ایس پی کے امیدوار عرفان وحید کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے صدر آصف حسنین بھائی نے کارکنوں کو الیکشن کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔