چودھری محمد اعظم کی یادیں
مکرمی!چودھری محمد اعظم آف کلروڑ ی (بابو ماسٹرمحمد اعظم ) 13 دسمبر 2018 کو 77 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد اپنے رب کے حضور جاپہنچے۔انکا شمار خطے کے ان چند افراد میں ہوتا ہے جو اپنی ذات میں انجمن تھے جنہوں نے اپنی زندگی جہد مسلسل اوردوسروں کی خدمت کیلئے وقف کیے رکھی۔ انہیں شروع سے تعلیم و تدریس میں خصوصی دلچسپی تھی بی اے کے بعد وہ گورنمنٹ ہائی سکول ڈڈیال میں استاد بھرتی ہوئے حالانکہ والد اور اس سے پہلے دادا انگلینڈ میں تھے لیکن انہیں انگلینڈ کی زندگی پسند نہ تھی دوسری طرف وہ کئی سوکنال زرعی اراضی کے اکلوتے مالک تھے۔قدیم ڈڈیال کی تاریخ جب بھی لکھی جائے گی تو مورخ چودھری محمد اعظم کے شعبہ تعلیم اور سماج کے لیے گراں قدر خدمات کا سنہری حروف میں ذکر ضرور کرے گا۔چودھری محمد اعظم نے بھرپور،متحرک ،ہمہ پہلو و ہمہ گیر زندگی گزاری جنہوں نے اپنی زندگی معاشرے کی تعلیم و تربیت کے لیے وقف کیے رکھی۔ہر انسان کے اس دنیا کو چھوڑ کر جانا ہے لیکن زندگی اصل مزہ تویہ ہے کہ جب انسان اس دنیا سے رخصت ہوتو ہر فرد جانے والے کے کردار کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور اپنا محسن قرار دے۔اللہ تعالیٰ انکے درجات بلند فرمائے۔
(عبدالحمید چودھری ،ڈڈیال آزاد کشمیر)