نوازشریف نے ’’خودکش جیکٹ‘‘ پہن رکھی ہے‘ ’’دیوار‘‘ ڈھونڈ رہے ہیں جس سے گاڑی ٹکرائیں: اعتزاز
گجرات (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نوازشریف نے خودکش جیکٹ پہن رکھی ہے۔ میاں صاحب اس وقت 150 کی سپیڈ سے گاڑی چلا رہے ہیں۔ نوازشریف اس دیوار کو ڈھونڈ رہے ہیں جس کے ساتھ وہ گاڑی ٹکرا سکیں۔ گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ابھی مسلم لیگ (ن) والوں نے دوسری پارٹیوں کی طرف بھاگنا شروع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا نوازشریف اور مریم نواز کرپشن کیس میں قانون کی دیوار کو توڑنا چاہتے ہیں۔ شریف خاندان کو اس مقدمہ میں سزا ہونے کا پورا یقین ہے جبکہ ان کے جو مامے چاچے ہیں‘ وہ کہتے ہیں کہ آپ دیوار کے پیچھے پڑے ہیں۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت اسی وقت ختم ہو گیا تھا جب نوازشریف نے سازشیں شروع کر دی تھیں۔