نجی شعبے کیلئے قرضوں کے حصول میں 62 فیصدکمی
کراچی (آئی اےن پی) شرح سود میں نمایاں کمی کے باوجود رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران نجی شعبے کیلئے قرضوں کے حصول میں 62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ بنکنگ ذرائع کے مطابق جولائی تا دسمبر 2012ءپرائیویٹ سیکٹر کریڈٹ 73 ارب 50 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 193 ارب 50 کروڑ روپے تھا۔ اس طرح ایک سال کے دوران نجی شعبے کے قرضوں میں 120 ارب روپے کمی دیکھی گئی۔ افراط زر میں کمی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے اسٹیٹ بنک گزشتہ سولہ ماہ کے دوران شرح سود میں ساڑھے پانچ فیصد نمایاں کمی کرچکا ہے۔ ساتھ ہی کمرشل بنکوں کو بھی نجی شعبے کیلئے قرضوں کی فراہمی پر راغب کیا گیا ہے۔