عوام کو ریلیف‘ مہنگائی میں کمی کیلئے بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت: مونس الٰہی

گجرات (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی نے مسلم لیگ یونین کونسل ناگریانوالہ اور میونسپل کمیٹی کنجاہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنان کے نمائندہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کی ترقی کیلئے ہمیں تمام اختلافات بھلا کر اور پارٹی وابستگی سے بالا تر ہو کر اہل علاقہ کی خدمت کرنی چاہیے اور علاقہ کی ترقی کیلئے بھر پور محنت اور کوشش کرنی چاہیے۔مونس الٰہی نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تا کہ مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف مل سکے۔ پاکستان زرعی ملک ہے اور زراعت کا شعبہ انتہائی کمزور ہو چکا ہے، اس شعبہ کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کی خوشحالی زراعت سے منسلک ہے کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان سرسبز ہو گا۔ موجودہ سینٹ الیکشن میں ہماری پارٹی نے تجربے کار اور سینئر پارلیمنٹرین کو میدان میں اتارا ہے۔