پی ڈی ایم کھلی چھٹی کے باوجود سڑک کے دونوں طرف لوگ جمع نہ کر سکی‘ فردوس عاشق
سیالکوٹ (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار صوبہ میں پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں بالخصوص جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے مکمل کررہے ہیں، جس کا عملی مظاہرہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا چولستان کا حالیہ دورہ ہے ۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کمیٹی روم سیالکوٹ میں پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ فردوس عاشق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار صوبہ میں سیاحت کو فروغ دیکر پاکستان کا روشن چہرہ اور ثقافت دنیا کے سامنے لارہے ہیں، چولستان میں کامیاب ڈیزرٹ جیپ ریلی میں شریک مہمانوں کی روائتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن اتحادیوں کے ٹولہ کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم کا متنجن، وزیر اعظم کی عوام دوست موثر حکمت عملی کے خلاف اکٹھا ہوا، پی ڈی ایم مانگے تانگے کے کھلاڑیوں کی وہ ٹیم ہے جس کا اصل کپتان ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر لندن میں اور کوچ ان فٹ ھو کر لاڑکانہ جا بیٹھا ہے۔ پی ڈی ایم کی ٹیم کو یہ بھی نہیں پتہ کہ کپتان عمران خان ٹاس جیت چکا ہے اور بیٹنگ یا فیلڈنگ کا فیصلہ جیتنے والا کپتان کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ قیادت کی بدولت کروڑوں ووٹروں کی دعوے دار جماعت کل ڈسکہ کی ایک سڑک تک محدود ہوگی۔ عوام کے مسائل سے لاعلم نام نہاد لیڈر عوام کو گمراہ کرنے کیلئے نکلے ہوئے۔ ڈسکہ کی عوام نے مریم کو یہ پیغام دیا کہ ڈسکہ کسی ایک شاہ یا ڈبل شاہ کی جاگیر نہیں۔ مریم نے ایک مرتبہ پھر اداروں کو ہدف تنقید بنایا اور وزیر اعظم کی ذات کو نشانہ بنایا۔ مریم نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے ڈیڈی پاکستان کب آئیں گے جبکہ بھائی ببلو اور ڈبلو پاکستان کے شہری ہونے سے انکاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم کے بچوں کے مستقبل کو پاکستان تحریک انصاف تاریک نہیں ہونے دیں گے۔ انہیں مشورہ ہے کہ اب احتیاط سے کھیلیں۔ اب اگر غلط ہٹ لگائی تو اپنی غلطی کی وجہ سے پکڑے جائیں گے۔ باؤلر یا فیلڈر کا قصور نہیں ہو گا۔ عمران خان پاکستان کے محنت کش جوانوں اور اقلیتوں کی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جعلی راجکماری کے چہرے ہر مایوسی کی وجہ نواز شریف کی پاسپورٹ کی معیاد ختم چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت نے پاسپورٹ کی معیاد کے خاتمہ پر اپنے قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ قوم کے دکھوں کا مدوا کرنے نواز شریف کب ملک آئیں گے۔ پی ڈی ایم کھلی چھٹی کے باوجود سڑک کے دونوں اطرف لوگ جمع نہ کرسکے۔ خاندانی ملازم نے سستی شہرت کیلئے از خود پولیس کی گاڑی میں جا بیٹھا۔ سینٹ کی فہرست میں عطاء اللہ تارڑ کا نام نہ آنے پر ان کی ساری محنت اور ڈرامہ بازی رائیگاں گئی۔