لیڈیز پارک کی خاتون ملازمہ کا سینئر صحافی کی اہلیہ پر تشدد
لاہور (نیوز رپورٹر) سینئر صحافی کی اہلیہ سے لیڈیز پارک نظام آباد تاج پورہ کی خاتون ملازمہ کی بدتمیزی اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعات کے مطابق گزشتہ روز اہلیہ پوتی اور پوتے کے ہمراہ سیر کیلئے لیڈیز پارک گئیں جہاں خاتون ملازمہ نے بچے کو بدتمیزی سے بلا کر سینئر صحافی آفتاب شاہ کی اہلیہ کو پارک سے نکل جانے کو کہا۔ جب سینئر صحافی کی اہلیہ نے خاتون ملازمہ کی بدتمیزی پر اعتراض کیا تو وہ مشتعل ہو گئی اور سینئر صحافی آفتاب شاہ کی اہلیہ جو شوگر اور ہارٹ کی مریضہ ہیں کو تھپڑ مارے اور انہیں گرا کر گھسیٹا اور ٹانگیں ماریں۔ پارک کا چکر لگاتے آفتاب شاہ کی بہو جب والدہ پر تشدد ہوتے دیکھ کر وہاں پہنچیں تو ملازمہ نے ان کو بھی تھپڑ مارے اور حکم دیا کہ پارک سے فوراً نکل جائیں ورنہ انجام اچھا نہ ہو گا۔ خاتون ملازمہ جن کا نام (م) معلوم ہوا ہے کہ بارے میں سیر کیلئے آئی خواتین نے بتایا کہ یہ اکثر خواتین سے جھگڑتی اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتی ہے۔ پی ایچ اے کی خاتون ملازمہ (م) کے اس جارحانہ رویئے کی اہلخانہ اور اہل علاقہ نے شدید مذمت کرتے ہوئے خاتون ملازمہ (م) کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور پریس کلب کے صدر سمیت دیگر عہدیداروں‘ ارکان سمیت دیگر عہدیداروں نے سینئر صحافی آفتاب شاہ کی عمر رسیدہ اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاج کیا۔