ڈی سی نے دالوں کے ریٹ مقرر کرنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق نے دالوں کے ریٹ مقرر کرنے کیلئے پیر17 فروری کو دن ساڑھے گیارہ بجے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے شہر میں دالوں کے بڑھتے ریٹ کنٹرول کرنے کیلئے تاجروں سے ان کی آراء بھی لیں گے اور پرائس کنٹرول کمیٹی میں دالوں کی قیمتوں کے تعین کیلئے بڑے مناظرے کا امکان ہے راولپنڈی کے کریانہ سٹوروں کے بازاروں سے نمائندے بھی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں پہنچیں گے تاکہ دالوں کی قیمتوں کے حوالے سے ریٹ مقرر کرنے میں ان کے کاروباری حقوق متاثر نہ ہوں سبزیوں ، پھلوں ،
چینی ، آٹے کے بعد دالوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے بھی حکومتی مشینری کیلئے نئے چیلنج پیدا کئے ہیں جس کا حل پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں تلاش کرنے پر غور ہوگا ڈی سی آفس دالوں کی نئی قیمتوں کی لسٹ سامنے لائے گا جس پر اختلاف رائے ہونے پر بحث و تمحیص سے اتفاق رائے پر پہنچا جائے گاجبکہ دال کے ڈیلروں اور تاجروں نے قابل قبول ریٹ نہ ہونے پر پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا بھی آپشن لے لیا ہے جس سے دالوں کی قیمتوں میں مہنگائی کی نئی بحث چھڑ جائے گی۔