شاہی قلعہ کے روٹ سے وال چاکنگ فوری ختم کی جائے:دانش افضال
لاہور(نیوزرپورٹر) ڈی سی لاہور دانش افضال اور ایڈیشنل سیکرٹری ہوم سلیمان غنی کی زیر صدارت شاہی قلعہ میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں سی او ایم سی ایل، ڈائریکٹر وال سٹی اتھارٹی نجم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک، اے سی سٹی اوردیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں یواین اے کے سیکرٹری جنرل کی شاہی قلعہ آمدکے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے شاہی قلعہ کے روٹ سے وال چاکنگ کو ختم کرنے کی ہدایت کی اورتجاوزات کا خاتمہ اور پیچ ورکا کام مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈی سی لاہور نے ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی ستھرائی کرنے اور سول ڈیفنس کو ہیلی پیڈ تیار کرنے کی ہدایت کی۔یواین اے کے سیکرٹری جنرل کو بادشاہی مسجد کا وزٹ، رنگیلا رکشہ کی سیر،شاہی باورچی خانہ، سمر پیلس، شیش محل کے بارے میں بریف کیا جائے گا۔
دریں اثناء کیپٹن (ر) سیف انجم کی ہدایت پر کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت‘‘ میٹروپولیٹن آفیسر (ریگولیشن) زبیر احمد وٹوکی زیرنگرانی انٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔دوران آپریشن راوی زون اسکواڈ نے داتا نگر، بادامی باغ سے تجاوزات کا سامان 1ٹرک میں لاد کر سٹور میں جمع کروا دیا۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے شفیق آباد پولیس اسٹیشن کے سامنے زیر تعمیر دیوار گرنے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اے سی سٹی تبریز مری اور ریسکیو 1122 کو موقع پر پہنچنے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔