آئی ایم ایف کی سخت شرائط ماننے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا:امیرالعظیم
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ آئی ایم کی سخت شرائط پر قرض لینے سے ملک میں مہنگائی اور بڑھے گی اور معاشی حالت بہترہونے کی بجائے مزید بگڑ جائے گی۔ بجلی کو 30فیصد تک مہنگا کرنا عوام پر بجلی بم گرانے کے مترادف ہوگا۔ ایسے اقدامات سے حکمرانوں کے معاشی وژن کی قلعی کھل کر عوام کے سامنے آگئی ہے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرض لے کر ملک پہلے چلا ہے اور نہ ہی آئندہ چل پائے گا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ملکی وسائل سے استفادہ کیا جائے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے خواتین کو ہراساں کرنے کے ریمارکس تشویشناک ہیں۔ دن بدن ہراسگی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ جب کہ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔حکومت وقت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو اولین بنیادوں پر تحفظ فراہم کرے۔