لیبیا میں مہاجرین کے ٹرک کو حادثہ، 19 افراد ہلاک،100 سے زائد زخمی

15 فروری 2018 (11:27)
لیبیا میں مہاجرین کے ٹرک کو حادثہ، 19 افراد ہلاک،100 سے زائد زخمی

جنوبی لیبیا میں ٹرک کے ایک حادثے میں 19مہاجرین ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ بنی ولید نامی شہر کے قریب پیش آیا، ٹرک میں 300 سے زائد افراد سوار تھے جو تمام غیر قانونی طور پر لیبیا میں مقیم تھے۔ہلاک شدگان کا تعلق صومالیہ اور اریٹیریا سے بتایا جا رہا ہے جبکہ لیبیا کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق بنی ولید کے قریب مہاجرین سے بھرا ہوا ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ انہوں نے سڑک پر ہی متعدد مہاجرین کو طبی امداد فراہم کی جبکہ زیادہ زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔خیال رہے کہ2011 میں لیبیا کے آمر صدر معمر قذافی کے اقتدار کا خاتمہ ہونے کے بعد سے لیبیا یورپ جانے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اہم راستہ بن گیا ہے۔بنی ولید دارالحکومت طرابلس سے 170 کلو میٹر جنوب مشرق میں واقع ہے اور بحیرہ روم تک پہنچنے کے لیے انسانی اسمگلروں کی جانب استعمال کیا جائے والا اہم راستہ ہے۔گزشتہ دنوں لیبیا کے ساحل پر مہاجرین کی کشتی بھی ڈوب گئی تھی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔