شکیب الحسن فٹنس مسائل کے باعث سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی سے باہر، محموداللہ قائم مقام کپتان مقرر

15 فروری 2018

ڈھاکہ (اے پی پی) بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان اور سٹار آل رائونڈر شکیب الحسن فٹنس مسائل کے باعث سری لنکا کے خلاف شیڈول پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ سے باہر ہو گئے، ان کی جگہ لیفٹ آرم سپنر نظم الاسلام کو سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے جبکہ محموداللہ کو قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج) جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شکیب الحسن جو کہ گزشتہ ماہ کھیلی گئی سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے تاحال سو فیصد فٹ نہیں ہوئے اسلئے وہ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، توقع ہے کہ وہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ شکیب کی جگہ سپنر نظم الاسلام کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ محموداللہ عبوری طور پر ٹیم کی قیادت کریں گے۔