راولپنڈی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین نمائشی میچ آج کھیلا جائیگا

15 فروری 2018

راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل )کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین نمائشی میچ (آج)جمعرات کو راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،میچ شام ساڑھے 5بجے شروع ہوگا۔میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے علاوہ سابق کر کٹرزمعین خان،عبدالرزاق، وقار یونس اور شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والے سٹارز شرکت کریں گئے،میچ کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین نمائشی میچ (آج)جمعرات کو شام ساڑھے 5 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں سابق قومی کپتان معین خان، اونر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ندیم عمر، سابق قومی آل رانڈر عبدالرزاق، اسد شفیق، انور علی، رمیز راجہ جونیئر، عمر امین، محمد جنید، محمد اعظم خان، فراز احمد خان، نبیل ہاشمی، وقار علی سید اور حسن عمر شامل ہیں۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فلم اسٹار سعود، اداکار فیروز خان، شہروز سبزواری، گلوکار فاخر اور گلوکارہ عائمہ بیگ بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت سابق قومی کپتان مصباح الحق کریں گے۔ جب کہ سابق کپتان وقار یونس، رومان رئیس، شاداب خان، فلم اسٹار فواد خان اور دیگر بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔