کرپشن ایک ناسور ،اس پر سمجھوتہ کرنے والے ضمیر کا سودا کرتے ہیں، بشیر احمد میمن

15 فروری 2018

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ، بشیر احمد میمن نے کہاہے کہ ایف آئی اے کے پیشہ وارانہ کردار پر فخر ہے، افسران اللہ تعالی کی خوشنودی اور ضمیر کی آواز پربلاخوف و خطر اپنے فرائض سرانجام دیں، کسی قسم کے دباو ، لالچ یا سفارش سے بالا تر ہوکر قانون اور انصاف تقاضوں کے مطابق ذمہ داریاں پوری کریں اور ہمیشہ حق سچ کا ساتھ دیں تاکہ ملک و قوم کو جو امیدیں ان سے وابستہ ہیں وہ اس پر پورے اترسکیں۔انہوں نے کہاکہ کرپشن ایک ناسور ہے اور اس پر سمجھوتہ کرنے والے اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہیں ۔ انہوں نے اس امر کا اظہار پولیس کالج سہالہ میں ایف آئی اے کے زیر تربیت 48 انسپکٹرز کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ،کمانڈانٹ پولیس کالج سہالہ احسان طفیل،ڈائریکٹر ٹریننگ ایف آئی اے بشارت محمود شہزاد ، ڈپٹی کمانڈانٹ پولیس کالج سہالہ ایس ایس پی حید ر سلطان ،ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ، واجد ضیاء احمد لطیف ، کیپٹن (ریٹائرڈ) محمدشعیب ، کورس کمانڈر پولیس کالج سہالہ ایس پی عامر خلیل سید کے علاہ پولیس کے افسران اورفکلیٹی ممبران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر احمد میمن نے کہاکہ پولیس کالج سہالہ نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے تربیت کا اعلی معیار قائم کیا ہے اور اس ادارے نے کمٹمنٹ اور جدید خطوط پر جس انداز سے استعداد کار میںاضافے کے لئے پولیس افسران کی اعلی تربیت کا معیار قائم کیا ہے وہ قابل فخر ہے ۔ انہوںنے چاروں صوبوں سے ایف آئی اے میں نئے انسپکٹرزکو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ وہ محنت ، جذبے اورفرض شناسی کے ساتھ خدمات سر انجام دیں اور ہمیشہ اس بات کو مد نظر رکھیں کہ اللہ تعالی ہی رازق اور مالک ہے اور ہم سب نے اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے اور ہم سب نے اپنے اعمال کا جوابدہ ہونا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے انسپکٹرز سے کہاکہ سب کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں، کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی کی بھی تذلیل کرے اور نہ ہی اختیار ات سے تجاوز کریں۔ کمانڈانٹ پولیس کالج سہالہ احسان طفیل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کالج سہالہ ملک کا مقتدر ادارہ ہے جس نے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک کے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پروفیشنلز کو اعلی تربیتی سہولیات فراہم کی ہیں اورپولیس کالج سہالہ اب تک 85000 پولیس افسران کو تربیتی سہولیات فراہم کر چکا ہے جس کے لئے وزیر اعلی محمد شہبا ز شریف اور انسپکٹر جنرل پولیس نے ہر ممکن سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم پیشہ وارانہ تربیت کا اعلی معیار قائم رکھنے کے لئے کوشاں ہیں اور کالج میں خلاقیات ، کردار سازی، انسانی حقوق، قوانین اور جدید تحقیق کی خصوصی تربیت دی جار ہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امن و امان قائم رکھنے اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدید تربیت سے آراستہ ، مستعد اور فعال فورس کو موجودہ اور مستقبل کے چیلنجر سے نبرد آزما ہونے کے لئے جدید ترین خطوط پر تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ٹریننگ ایف آئی اے بشارت محمود شہزاد نے تربیت مکمل کرنے والے انسپکٹرز سے ملک سے وفاداری اور قانون کی حکمرانی قائم رکھنے کا حلف لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر احمد میمن نے تربیت مکمل کرنے والے انسپکٹرز میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔ کورس کمانڈر پولیس کالج سہالہ ایس پی عامر خلیل سید نے اس موقع پر کورس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نصاب کے ساتھ فزیکل ، گھڑ سواری ، فائرنگ ، قانون اور دیگر تما م متعلقہ شعبوںمیں تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ پیشہ وارانہ فرائض خوش اسلوبی اور مہارت کے ساتھ انجام دے سکیں۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء کورس میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ ڈی جی ایف آئی اے کو کمانڈانٹ پولیس کالج سہالہ کی طرف سے ان کے دورے کے موقع پر یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔