نواز شریف‘ شاہد خاقان سمیت لیگی قائدین کی اقبال شاہ کو ٹیلی فونک مبارکباد
قطب پور ‘ لودھراں(خبر نگار) اقبال شاہ کے ممبر قومی اسمبلی اورتحریک انصاف کی اہم وکٹ اُڑانے پر میاں نواز شریف ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر اہم شخصیات کی ٹیلی فونک مبارکباد ۔دوسرے روز بھی مبارکباد دینے والوں کو تانتا بندھا رہا ۔ایک دو روز میں شریف برادران کی بھی مخدوم عالی آمد متوقع ۔تفصیل کے مطابق نومنتخب ممبر قومی اسمبلی اقبال شاہ کی کامیابی اور جہانگیر ترین مرکزی جنرل سیکرٹری تحریک انصاف کے بیٹے علی خان ترین کو عبرتناک کو شکست دینے پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، میاں محمد نواز شریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ،مریم نواز شریف ،خواجہ سعد رفیق ،حمزہ شہباز ،طلال چودھری،مریم اورنگ زیب ،پرویز رشید اور بیرون ملک سے احسن اقبال جیسے وزراء نے ٹیلی فون پر مبارکباد پیش کی ۔جبکہ ایک دو روز میں شریف برادران کی اقبال شاہ کی رہائشگاہ مخدوم عالی میں آمد متوقع ہے ۔علاوہ ازیں اقبال شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میری کامیابی اللہ تعالیٰ کی جانب سے غیبی امداد اور عبدالرحمٰن خان کانجو ،صدیق بلوچ ، اکبر اور رفیع الدین شاہ جیسے رفقاء کی مرہون منت ہے ۔انشاء اللہ علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائوں گا ۔اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل سلیم خان خاکوانی،میاں یونس ارائیں ،چوہدری تصدق حسین ارائیں ،چوہدری ذوالفقار چھینہ تحصیل صدر مسلم لیگ (ن) ،شیر خان ڈیمی ،رانا شاہد و دیگر موجود تھے ۔ لودھراں سے خبر نگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی متوقع آمد پر تمام محکمے الرٹ ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی تین سپیشل ٹیمیں آج لودھراں پہنچیں گی۔ ڈی سی راجہ رام خرم شہزاد نے اسسٹنٹ کمشنر طیب خاں کو فوکل پرسن بنا دیا ہے جو لاہور سے آنیوالی ٹیموں کو ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دیں گے اور جاری ترقیاتی کاموں کا وزٹ بھی کرائیں گے۔ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے متوقع دورہ لودھراں پر ترقیاتی منصوبوں کے کئی اعلان متوقع ہیں۔