لاہورہائیکورٹ بارکے سالانہ انتخابات 24فروری کو ہونگے ، امیدواروں میں جوڑ توڑشروع

15 فروری 2018

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)لاہورہائیکورٹ بارکے سالانہ انتخابات2018 - 19 ء کیلئے امیدواروں میں جوڑ توڑشروع ہوگیا بار کے صدر کیلئے سابق جسٹس حسن رضا پاشاایڈووکیٹ اور ملک وحید انجم ایڈووکیٹ کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے سیکریٹری جنرل کی نشست پر حفصہ بخاری ایڈووکیٹ اور سردار منظر بشیرایڈووکیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں عرفان اللہ شاہ ایڈووکیٹ بلا مقابلہ بار کے نائب صدر منتخب ہو چکے ہیں سالانہ انتخابات 24فروری بروزہفتہ منعقد ہونگے جس میں راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی ، چکوال ، جہلم اور اٹک اور ان کی تمام تحصیلوں کی بار ایسوسی ایشنوں کے چار ہزار200 رائے دہندگان ووٹ دیں گے پولنگ صبح 9بجے تا شام5بجے بلا تعطل ہوگی چیئر مین الیکشن بورڈ اظہر نوید شاہ کی سرپرستی میں وائس چیئر مین انتخاب شاہ اور بابر علی پر مشتمل کمیٹی کاحتمی اجلاس 19فروری کو ہائیکورٹ بار راولپنڈی میں ہوگا جس میں کمیٹی الیکشن کے ضابطہ اخلاق جاری کرے گی اور الیکشن2018 ء حوالے سے امیدواران کی پروجیکشن میٹنگ 22فروری کو ہائیکورٹ راولپنڈی بار کے آڈیٹوریم میں منعقد کی جائے گی ۔