محکمہ انٹی کرپشن کارشوت خوری روکنے ،کام میرٹ پر کرنے کیلئے ٹریپ ریڈ کرنے کا اعلان
راولپنڈی (عزیز علوی) محکمہ انٹی کرپشن نے صوبائی اور ضلعی محکموں میں رشوت خوری روکنے اور شہریوں کے کام میرٹ پر انجام دینے کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ٹریپ ریڈ کرنے کا اعلان کردیا ہے اس سلسلے میں بروشر بھی شہریوں میں پبلک مقامات پر تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ٹرپ ریڈ کے تحتجس شہری سے بھی کسی سرکاری محکمے کا افسر یا اہلکار رشوت مانگے گا تو شہری رشوت کی رقم ادا کرنے سے قبل محکمہ انٹی کرپشن کے حکام کو مطلع کرے گا جس کے بعد ٹریپ ریڈ کے تحت محکمہ کی ٹیم ایکشن کرے گی اور ملزمان رنگے ہاتھوں پکڑے جائیں گے ڈائریکٹر انٹی کرپشن محمد عارف رحیم نے سرکاری کام میں رکاوٹ ڈال کر شہریوں سے رشوت لے کر کام کرنے والوں کی نشاندہی میں مدد کیلئے اپنا موبائل فون نمبر بھی مشتہر کردیا ہے جس میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہمارے اس TRAP RAID کے فارمولے کا کامیاب بنانے کیلئے ان سے بھی براہ راست رابطہ کریں کیونکہ اس طریقے سے ہی کرپشن کا سدباب ممکن ہے شہری ہمارے ٹریپ ریڈ فارمولے کے ایکشن میں جتنے ٹھوس شواہد فراہم کریں گے ملزمان کو اسی قدر کڑی سزاء دلانے میں مدد ملے گی ۔