ایڈیشنل سیشن جج گلزار احمد خالد کا سول جج عمر ورک کے ہمراہ دورہ اڈیالہ جیل
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی گلزار احمد خالد نے بدھ کو اڈیالہ جیل کا دورہ کیا سول جج عمر ورک بھی ان کے ہمراہ تھے جیل سپرنٹنڈنٹ سعید اللہ گوندل نے ان کا استقبال کیا ایڈیشنل سیشن جج نے جیل کی انسپکشن کی اور اس دوران وہ خواتین وارڈ ، نوعمر وارڈ ، کچن اسیران ، جیل ہسپتال ، بیرکس کا دورہ کیا اور اسیران سے ان کے مسائل سنے ایڈیشنل سیشن جج نے نوعمر وارڈ میں ویمن ایڈ ٹرسٹ اسلام آباد کے زیر اہتمام چلنے والی الیکٹریکل ، ٹیلرنگ اور کمپیوٹر کلاسز کا معائنہ کیا جبکہ ٹیویٹا کی طرف سے خواتین وارڈ میں قائم بیوٹیشن ، ڈومیسٹک ٹیلرنگ کلاس کا بھی معائنہ کیا فاضل جج نے جیل میں صفائی اور اسیران کو دی جانے والی سہولتوں پر جیل انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی گلزار احمد خالد نے معمولی نوعیت کے مقدمات میں گرفتار 58 اسیران کو ذاتی مچلکے پر رہا کرنے کا حکم دیا جس کے بعد جیل انتظامیہ نے ان 58 اسیران کو رہا کردیا ۔