پاک ترک تعلقات دنیا کے کیلئے مثالی حیثیت رکھتے ہیں: خواجہ حسان

15 فروری 2018

لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان اور ترکی کے تعلقات ساری دنیا کے لئے مثالی حیثیت رکھتے ہیں اور ہم باہمی تعاون کے ذریعے ترقی اور استحکام کو نئی بلندیوں سے روشناس کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ’’پاکستان ترکی بزنس فورم‘‘ کے شرکاء نے کیا ۔ بزنس فورم کا انعقاد پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے ترکی کے اعلیٰ سطحی وفد کے اعزاز میں کیا ۔ ترکی کے 16 رکنی وفد کی سربراہی ترکی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین عتیلہ یرلیکایا کر رہے تھے جبکہ اس میں زورلو ہولڈنگز، انادولو گروپ، آرسیلک، ہیولسن اور البیراک سمیت بڑی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے ۔ فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی مشیر خواجہ احمد حسان، جہانزیب برانہ، ملیحہ بنگش، ہارون شوکت، عامر سلیمی ، نورالامین مینگل، معید رانا اور شرقی احمد ٹیپوسمیت دیگر نے شرکت کی۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ ترکی نے جس طریقے سے اپنی معیشت کو قدموں پر کھڑا کیا ہے وہ پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔ دونوں ملکوں میں معاشی تعاون کو مزید بہتر کرنے کے امکانات مزید روشن ہیں۔کہا کہ پاکستان اور ترکی کے باہمی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور ہم نے ہر سرد و گرم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوںنے اس موقع پر پنجاب حکومت کے ساتھ کم آمدنی والے افراد کیلئے رہائشی سہولیات، ٹرانسپورٹ، صحت، امن عامہ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون اور مدد کی یقین دہانی بھی کروائی۔