جنوبی ایشیاء میں استحکام کیلئے افغانستان میں امن کا قیام ضروری ہے: میاں مقصود
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن کے لیے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔ خطے کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہوا ہے۔ جب تک ہندوستان کا امریکی سرپرستی میں افغانستان میں کردار ختم نہیں کر دیا جاتا خطے میں جنگ کے خطرات منڈلاتے رہیں گے۔ پاکستانی آرمی چیف کایہ کہنا کہ امن کاراستہ افغانستان سے گزرتا ہے بالکل درست اور حقائق کی عکاسی کرتا ہے۔ ایک منظم سازش کے تحت دشمن قوتیں پاکستان اور چین کی ترقی کو روکنے کے لیے گھنائونے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارتی حکمران کھلم کھلا دھمکیاں دے رہے ہیں۔