تعلیمی ادارے ہم نصابی سرگرمیوں سے طلبہ میں خود اعتمادی کو فروغ دیں: رضا گیلانی

15 فروری 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیانی نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام تعلیمی ادارے نصابی تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ میں خود اعتمادی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخ سے روشناس کروانے کے لیے تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس موثر ذرائع ہیں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج برائے خواتین چونا منڈی لاہور میں سالانہ تھیٹر پلے ’’رضیہ سلطان‘‘ کی اختتامی نمائش کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل شہناز کووثر اور ڈائریکٹر آف پلے گلشن اقبال کے علاوہ لاہور کے مختلف کالجز سے آئی اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج برائے خواتین چونا منڈی میں طویل دورانیے کا ڈرامہ رضیہ سلطان گزشتہ چار روز پرفارم کیا گیا جس میں شہر کے مختلف کالجز سے طالبات اور اساتذہ کے علاوہ سول سوسائٹی سے مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ تین گھنٹے دورانیے کے تھیٹر پلے میں کالج کی طالبات نے نہایت مہارت کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے اور حاضرین کو تاریخی کرداروں اور ان کے حالات سے روشناس کروایا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے طالبات کی کارکردگی کو بے حد سراہا اور کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں نوجوانوں کے لیے سوچ کے نئے زاویے کھولتی ہیں۔