غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے شہریوں میں آگہی پیدا کی جائے: خالد عیاض خان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے صوبہ بھر کے افسران کی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں جنگلی حیات کے تحفظ اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کو مزید موثر بنانے کے لئے اپنے علاقے کی مقامی آبادی میں آگہی پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلوں اور صحرائوں میں موجود جنگلی حیات کو ان کی قدرتی آماجگاہوں کے قریب تر ماحول کی فراہمی، تحفظ اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کے بغیر ان کی آبادی میں اضافہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ کے اس عمل میں عوام خصوصا مقامی آبادی کو شامل کیے بغیر مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڑیال کی نسل کے تحفظ اور ان کی آبادی میں اضافہ کے لئے محکمہ کی طرف سے سالٹ رینج کے علاقوں میں تشکیل دی گئی پانچ کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔