کورنگ نالے میں گندا پانی شامل نہیں ہونے دینگے:طارق فضل چوہدری
اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی ہدایت پر اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے نے بنی گالہ میں کورنگ نالے پر کیمپ قائم کر دیا ۔ وزیر مملکت نے کیمپ کا دورے کے دوران احکامات جاری کئے کہ کورنگ نالے میںسیوریج کا پانی ڈالنے والی تمام عمارتوں کو فوری نوٹس بھجوائے جائیں ، نالے میں گرنے والے گندے پانی کے تمام ذرائع منقطع کر دئیے جائیں ، کورنگ نالے میں گندا پانی ہر گز شامل نہیں ہونے دیں گے ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) مشتاق اور ڈپٹی مئیر اسلام آباد چوہدری رفعت بھی وزیر مملکت کے ہمراہ تھے ۔ وزیر مملکت نے اسلام آباد انتظامیہ کو کورنگ نالے کے سروے کا حکم دیا تاکہ نالے کی حدود اور اس سے ملحق تجاوزات کا تعمیرات کا پتہ لگایا جا سکے اور ان عمارات سے نالے میں شامل ہونے والے سیوریج کے پانی کو روکا جاسکے ۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے انتظامیہ اور علاقہ عمائدین پر مشتمل ایک کمیٹی بھی قائم کی جو علاقے میں سیوریج کے متبادل انتظام کیلئے رہائشیوں اور سوسائٹیوں کو رہنمائی فراہم کرے گی۔ گندے پانی کے ماحول اور انسانی زندگی پر برے اثرات ہوتے ہیں، علاقے میں گندے اور سیوریج کے پانی کے تدارک کیلئے مناسب انتظام کیا جائے گا۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 1960 میں جب سے اسلام آباد بنایا گیا سی ڈی اے اسلا م آباد کے شہری علاقوں کی تعمیرات اور ڈویلپمنٹ کے قوانین اور ان کے نفاذ کی ذمہ دار ہے جبکہ شہر کے دیہی علاقوںکے تعمیراتی قوانین بلدیاتی ادارے دیکھتے ہیں ۔وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا قیام عمل میں آ چکا ہے ، اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں کئی صدیوں سے لوگ آباد ہیں ، ان علاقوں کیلئے زوننگ ریگولیشنز کو درست کر رہے ہیں،ان علاقوں کیلئے بائی لاز بھی بنا رہے ہیں تاکہ یہاں تعمیرات کو ریگولیٹ کیا جا سکے اور ان کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے ۔
طارق فضل چوہدری
صدیق اکبر کانفرنس