پوری کائنات میں حضرت فاطمہؑ کا گھر عظمتوں فضیلتوں کا سرچشمہ ہے،میمونہ رباب کاظمی
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)انجمن دختران اسلام ، ام البنین ڈبلیوایف،گرلزگائیڈاورسکینہ جنریشن کے زیراہتمام عشرہ عزائے فاطمیہ ؑ کی مجالس کا سلسلہ مرکزی امام بارگاہ جامعہ المرتضیٰ ؑ جی نائن فوراسلام آبادمیں جاری ہیں۔بد ھ کو مجلس سے خطیبہ میمونہ رباب کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسانی تمدن و معاشرت کی بنیادی اکائی خانوادہ ہے اور خانوادہ کی بنیاد و اساس ماں ہے جس کا خلوص و قربانی ایثار و نیک نیتی بے غرضی کی نشانی ہے، اسلام وہ دین مبین ہے جس نے معیارِ فضیلت تقویٰ کو قراردیا ہے،زن و مرد ‘ضعیف و قوی کسی کو کسی پر برتری نہیں لیکن ازروئے زہدوتقویٰ یہ دنیا کا واحد مذہب ہے جس نے عورت کو منزلِ معراج پر فائز کیا ہے چنانچہ ماں ‘بہن ‘بیوی‘بیٹی ہر روپ و حیثیت میں اسلام نے اسے عروج و کمال عطا کیا ہے اور ان کیلئے عزت و حرمت کے حقوق کا حکم صادر فرمایا ۔