وفاقی وزیر برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان سے ترک سفیر کی ملاقات

15 فروری 2018

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے تعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمان سے پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یردکل نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔بلیغ الرحمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ ترکی کے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلیم اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں مثالی تعلقات ہیں۔دونوں اطراف نے تعلیم سے متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور تعلیم کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ حکومت پاکستان کی ترجیح ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دوسرے ممالک کے طلباء پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان پرامن اور مستحکم ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے طلباء بھی پاکستان میں زیر تعلیم ہیں اور وہ طلباء پاکستان کے تعلیمی معیار سے بھی مطمئن ہیں۔