پولیو مہم میںتین کروڑ 80 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، رانا محمد صفدر
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کے پروگرام کے نیشنل کوآرڈینیٹر رانا محمد صفدر نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تین کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پنجاب میں پانچ سے کم عمر کے ایک کروڑ 91 لاکھ 50 ہزار بچوں، خیبرپختونخوا میں 56 لاکھ 80 ہزار بچوں، سندھ میں 87 لاکھ بچوں، بلوچستان میں 24 لاکھ 60 ہزار بچوں، فاٹا میں 10 لاکھ تین ہزار بچوں، آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 40 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 37 ہزار بچوں اور اسلام آباد میں تین لاکھ 13 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین دی جائے گی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ویکسین کی 4 کروڑ 25 لاکھ خوارکیں استعمال ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمت عملی کے تحت کراچی میں پولیو مہم رواں ماہ کی 22 تاریخ سے شروع ہو گی اور 6 ہزار ہیلتھ ورکر گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے۔ رانا محمد صفدر نے کہا کہ گذشتہ برس پولیو کے 8 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس وقت ملک بھر میں پولیو کے کیسز سب سے زیادہ کراچی اور قلعہ سیف اﷲ میں پائے جانے کے خدشات ہیں اور ہم ان شہروں پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے سالانہ مہم کے ساتھ ساتھ ملک گیر انسداد پولیو کی مہمات آئندہ 9 ماہ کے دوران شروع کی جائیں گی۔