کوئٹہ میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت قومی المیہ ہے ، حامد موسوی

15 فروری 2018

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی ٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کوئٹہ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے خدا پر توکل کر کے شیطانی قوتوں سے جان چھڑائیں، قومی ایکشن پلان کی ہر شق پر خلوص نیت کیساتھ عمل کریں اور افواج پاکستان کی پشت پر مضبوطی کیساتھ ایستادہ ہو جائیں ورنہ آنے والا وقت انہیں ہر گز معاف نہیں کریگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سید غضنفر علی شاہ ، مختار علی بنگش کی سرکردگی میں عمائدین خیبر پختو نخوا سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ آقای موسوی نے باور کرایا کہ دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے ،دہشتگردوں کے تخلیق کارعالمی سرغنہ ، اُسکے پٹھو انہیں اپنی ضرورت سمجھتے ہیں اور دہشتگردی کو جواز بنا کر ممالک میں مداخلت کرتے ہیں تاکہ اُنکے شیطانی ایجنڈے کی تکمیل ، اُنکے کے ہتھیار فروخت اور اسلحہ کارخانے چلتے رہیں اسطرح وہ دیگر ممالک کی معدنیات اپنے قبضہ میں رکھنا چاہتے ہیں ۔