اسلام آباد میں عالمی معیار کے ٹیکنیکل ادارہ قائم کرنے میں مدد دینگے‘ چینی سفیر

15 فروری 2018

اسلام آباد (نامہ نگار) نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ سی پیک کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کنسٹرکشن اور ہاسپٹلیٹی کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو چین کے سفیر ژائو ژنگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے اور فنی تعلیم و تربیت کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک نے چین کے سفیر کو حالیہ کی جانے والی اصلاحات و سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور ملکی خوشحالی اور ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک۔چین دوستی کی لازوال یادگار رہے گا جس سے پورے خطے کے افراد مستفید ہوں گے۔ اس سلسلہ میں ہم سی پیک کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کنسٹرکشن اور ہاسپٹلیٹی کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک روٹ پر اور ہر انڈسٹریل زون میں عالمی معیار کے فنی و تکنیکی ادارے قائم کئے جائیں تاکہ وہ ان منصوبوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہنرمندافرادی قوت فراہم کر سکیں۔ چین کے سفیر نے ٹیوٹ سیکٹر کو فعال بنانے کیلئے نیوٹیک کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ سی پیک سے منسلک چینی کمپنیوں سے کہا جائے گا کہ وہ نیوٹیک سے باقاعدہ رابطہ رکھیں اور پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کی سی پیک منصوبوں میں کھپت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اسلام آباد میں عالمی معیار کے ٹیکنیکل ادارہ قائم کرنے میں بھی بھرپور مدد کرے گا جہاں سے ہزاروں ہنرمند افراد تربیت حاصل کر سکیں گے تاکہ وہ مقامی و عالمی مارکیٹ کی ضروریات پوری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی بی کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے میں چین مدد کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کے ہنرمندوں کیلئے خصوصی تربیتی پر وگرام شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا جس سے سالانہ سینکڑوں نوجوان مستفید ہوں گے اور چین کے اعلیٰ تربیتی اداروں میں جدید آلات و مشینری کا استعمال سیکھیں گے۔ ذوالفقار احمد چیمہ نے چین کے تعاون پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔