نئی نسل کو پراعتماد بنانا، محفوظ ماحول کی فراہمی مشترکہ ذمہ داری ہے: گورنر

15 فروری 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ نئی نسل کو پراعتماد بنانا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنی نئی نسل پر مثبت سوچ کی مہر ثبت کرنی ہے۔ منفی رجحانات کے اثرات ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ ہمیں اندھیروں میں اپنے حصہ کی شمعیں روشن کرنے کے لیے اپنا فرض نبھانا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے سکیورٹی ادارے پولیس، فوج، رینجر کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک و قوم کو اندرونی خطرات سے محفوظ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا فرض ہے کہ مثبت سوچ کو تقویت دی جائے کیونکہ مایوسیوں کے سمندر میں ہی امیدوں کے جزیرے بنتے ہیں۔