رائیونڈ: گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج کی طالبات نے یوم حجاب منایا

15 فروری 2018

رائے ونڈ (نامہ نگار) 14 فروری ویلنٹائن ڈے کے موقع پر گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین کی پرنسپل ڈاکٹر راشدہ قریشی نے طالبات کے ایک دوسرے کو گلاب کے پھول دینے کے غیر اسلامی کلچر کو مسترد کرتے ہوئے طالبات سے تمام پھول لیکر سکول کے گیٹ پر رکھے گئے کنسترمیں پھینکوا دیئے، اور 1500 طالبات کیساتھ پورے سٹاف نے سروں پر دوپٹے لیکر یوم حجاب منایا، اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر راشدہ قریشی نے طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویلنٹائن ڈے کو حیا کی پاسداری کے دن کے طور پر منایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان خواتین میں لڑکے اور لڑکی کی دوستی کا تصور نہیں، مردوں سے ضرورت کی حد تک کام کی بات کرنا چاہئے۔ اسلام میں عورت کی مرد کیساتھ نرم گفتگو کو بھی منع کیا گیا ہے۔ اسلام میں پردہ کے سخت احکامات ہیں، ہمیں ایسے بے ہودہ یورپی کلچر کا بائیکاٹ کرنا چاہئے، مسلم اور غیر مسلم میں صرف حجاب کا فرق ہے، سماجی برائی کا خاتمہ حکومتی سطح پر ہونا چاہئے۔ ہمارا کعبہ اور قرآن بھی حجاب میں ہیں، پردہ کی وجہ سے ہماری عزتیں محفوظ ہیں، اسلامی عورت اللہ کی سب سے باعزت مخلوق پردہ کے زیب تن کرنے سے ہی ہے، شعبہ اسلامیات کی پروفیسر ریحانہ نے کالج کی طالبات کو اسلامی اقدار پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ طالبات نے کہا کہ ہم اسلامی اقدار کی حفاظت اور پابندی کیلئے اپنی پرنسپل ڈاکٹر راشدہ قریشی کی مشکور ہیں جنہوں نے آج ہمیں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے آگاہی دی اور حجاب کے فوائد بارے رہنمائی دی، والدین نے کالج میں حجاب ڈے منانے پر کالج انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔