پارلیمنٹ میں ضمیر فروشوں کی کوئی جگہ نہیں، عابدشیر علی

15 فروری 2018

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہپارلیمنٹ میں ضمیر فروشوں کی کوئی جگہ نہیں ، عوام ایسے لوگوںکو آئندہ انتخابات میں مسترد کردیں گے، سینیٹ کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اپنا چیئرمین سینیٹ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں، آمر پرویز مشرف نے پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں دھکیلا ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے میثاق جمہوریت پر عمل کیا، محترمہ بینظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت پر دستخط کئے لیکن آصف علی زردار ی نے عمل نہیں کیا۔ سینیٹ انتخابات کے لئے ووٹوں کی خرید و فروخت کی جارہی ہے۔ضمیر فروشوں کی پارلیمنٹ میں جگہ نہیں ۔عوام ایسے لوگوںکو آئندہ الیکشن میں مسترد کردیں گے۔ جو لوگ کہتے تھے کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں ڈیرے ڈال دیئے ان کو صرف 35 سو ووٹ ملے ہیں اورانہیں شرمندگی کاسامنا ہے۔