نواز شریف کا بذریعہ موٹروے جانے کا فیصلہ سینئر قیادت نے کیا تھا: ترجمان نثار

15 فروری 2018

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بذریعہ موٹروے لاہور جانے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کی میٹنگ میں طے ہوا جس میں نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی سمیت پارٹی کے 10/11سینئر ترین ارکان موجود تھے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ میٹنگ مری میں ہوئی اور ایک دو ارکان کو چھوڑ کر باقی سب کا فیصلہ تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کو سامنے رکھتے ہوئے میاں نواز شریف موٹروے کے ذریعے جائیں اور ان کا استقبال ہر انٹرچینج پر کیا جائے اور اختتامی استقبال لاہور میں داخلے کے بعد کیا جائے۔ترجمان نے کہاکہ جہاں تک کسی کا میاں نواز شریف کو جہاز پر جانے کامشورہ دینے والے کا تعلق ہے اس کے بارے میں تو میاں نواز شریف ہی بتا سکتے ہیں مگر میٹنگ کے دوران کسی نے بھی یہ مشورہ نہیں دیا تھا، بہتر ہے کہ اس شخص کی بھی نشاندہی کر دی جائے تا کہ اس سارے قصے میں غیر ضروری ڈرامائی عنصر ذائل ہو جائیں۔